حرف آخر اورکلمات تشکر

حرف آخر اورکلمات تشکر

جمعیت اہل حدیث سندھ

احباب جماعت! جمعیت اہلحدیث سندھ، کی خدمات اور نشاطات کی رپورٹ آپ کے سامنے ہے ، سندھ کی سطح پر مسلک اہلحدیث کا مربوط اور منظم پلیٹ فارم قائم ہے ، دین کا کام ہورہا ہے ، دعوت توحید وسنت پھیل رہی ہے ، مسلک اہلحدیث متعارف ہورہا ہے، مساجد و مدارس قائم ہورہے ہیںاور ان کی سرپرستی ہورہی ہے اور رفاہی امور بھی انجام پارہے ہیں ۔اور یہ سب کچھ منہج سلف کی پیروی اور علمائے کرام کی راہنمائی میں ہورہا ہے۔
ہم دردِ دل کے ساتھ تمام اہل خیر حضرات کو نصیحت کریں گے کہ بحیثیت اہلحدیث ہونے کے آپ اور آپ کے وسائل جماعت کی امانت ہیں ۔ لہذا اپنی اس حیثیت اور ذمہ داریوں کو سمجھئیے اور اس کے تقاضوں کو پورا کیجئیے اسی طرح ہم عوام الناس بالخصوص نوجوانوں کو نصیحت کریں گے کہ آپ مسلک حقہ کی قوت اور سرمایہ ہیں آپ بھی خدمتِ قرآن و حدیث میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اسی طرح ہم سب سے اہم اور ضروری نصیحت علماء ، خطباء اور جماعت کے دانشور حضرات کو کریں گے وہ بھی اپنی اپنی صلاحیتوں کو احقاقِ حق اور ابطالِ باطل کیلئے منظم اور مربوط انداز میں استعمال کریں ۔
حضرات ! احباب جماعت ! آئیے اپنے آپ کو اس حدیث کا مصداق بنائیے :قال رسول اللہ ﷺ

“لَا حَسَدَ إِلَّا فِي اثْنَتَيْنِ: رَجُلٌ آتَاهُ اللهُ مَالًا، فَسَلَّطَهُ عَلَى هَلَكَتِهِ فِي الْحَقِّ، وَرَجُلٌ آتَاهُ اللهُ حِكْمَةً، فَهُوَ يَقْضِي بِهَا وَيُعَلِّمُهَا”  (صحیح مسلم: 816)

(نہیں رشک کے قابل مگر دو قسم کے انسان ، ایک وہ شخص کہ اللہ تعالیٰ نے جسے علم و حکمت عطا فرمایا اوروہ صبح وشام علم و حکمت کو بیان کرنے اور پھیلانے میں مصروف رہتا ہے اور دوسرا وہ شخص جسے اللہ تعالیٰ نے بہت مال دیا ہے اور پھر اللہ نے اسے اس مال کو حق کی راہ میں خوب اور خوب خرچ کرنے پر لگادیاہو۔)
آخر میں ہم تمام علماء کرام ، خطباء و ائمہ مساجد ، دعاۃ و مبلغین ، ضلعی امراء و ناظمین ،اراکین ، مجلس شوریٰ ، مدارس اور مساجد کی منتظمہ اور بالخصوص اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو خدمت دین کے اس مشن میں قدم بقدم ہمارے ساتھ ہیں اور جن کی محنتوں ، قربانیوں اور مالی تعاون سے خدمت دین کی یہ عظیم الشان تحریک اور یہ قافلہ حق رواں دواں ہے ۔
احباب جماعت ! یقین جانئیےخدمت دین کی یہ توفیق بہت بڑی سعادت ہے،وگرنہ آج مادیت اور ہواپرستی کے اس دور میںلوگ اپنی ذات سے بڑھ کر سوچنے کیلئےتیارہی نہیں۔آپ کی محنتوںاور قربانیوںسے کتاب وسنت (مسلک اہلحدیث) متعارف ہورہاہے، دعوت توحید وسنت پھیل رہی ہے ،شرک وبدعت اوررسومات کا قلعہ قمع ہورہا ہےاورلوگ دین سے جڑ رہے ہیں۔ا للہ تعالیٰ آپ سب حضرات کو جزائے خیر اور اجر جزیل عطا فرمائے اور مزید ہمت و توفیق نصیب فرمائے ۔

آمین