Home » مجلہ دعوت اہل حدیث » 2016 » شمارہ نومبر » غیر سیاسی مختصر خبریں

غیر سیاسی مختصر خبریں

جنت کا پروانۂ منامی
امام ابویوسفؒ کی روایت ہے ،فرمایا کرتے کہ ایک مرتبہ امام اعظم ابوحنیفہ ؒ کوخواب میں دیکھا کہ آپ جنت میں تشریف فرما ہیں، اس شان سےکہ چاروں طرف حضرات صحابہ کرام ؓ موجود ہیں اور آپ وسط میں ہیں۔ مجھے دیکھ کر ارشاد فرمایا:’’ابویوسفؒ!کاغذ اور قلم لاؤ کہ میں اپنے جنتی اصحاب کے نام لکھ لوں۔‘‘میں نے عرض کیا:’’حضرت! میرا نام بھی اس مبارک فہرست میں لکھ لیجئے‘‘تو میری درخواست پر امام اعظم ابوحنیفہؒ نےمیرا نام بھی جنتیوں کی فہرست میں لکھ لیا۔( مناقب کردری، تذکرہ امام ابویوسفؒ،روزنامہ امت کراچی16اکتوبر2016ء)
خوابوں کی دنیا
حضرت مولانا محمد علی جالندھری فرماتے ہیں کہ حضرت مولانا رسول خان نے جو بہت بڑے محدث تھے، خواب میں دیکھا کہ سرکار دوعالمؐ جماعت صحابہؓ میں تشریف فرماہیں۔
حضور پاکؐ کی خدمت میں(ایک سنہری طشت میںآسمان سے) ایک دستار مبارک لائی گئی۔ آپؐ نےجناب صدیق اکبرؓ کوحکم دیا کہ اٹھو اور میرے بیٹے عطاءاللہ شاہ(بخاری) کے سرپرباندھ دو، میں اس سے خوش ہوں کہ اس نے میری ختم نبوت کے لئے بہت سارا کام کیا ہے۔(روزنامہ امت کراچی18ستمبر2016ء)
امریکی جریدہ-سرورق پرقرآنی آیت کاترجمہ
معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نےاپنے سرورق پرقرآن مجید کی سورت المائدہ کی آیت نمبر32کاترجمہ شایع کیا ہے۔ اس آیت کاترجمہ یہ ہے:’’جس کسی نے بھی ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کوبچالیا‘‘(روزنامہ امت کراچی16اکتوبر2016ء)
پرتعیش محل میوزیم میں تبدیل
سابق عراقی صدر صدام نے اپنے24سالہ دور حکومت میں70 سے زیادہ پرتعیش محل تعمیرکرائے۔بصرہ میں واقع ان میں سے ایک محل کوعلاقے کے نواردات کی نمائش کیلئے مختص کردیاگیاہے۔
(روزنامہ ایکسپریس کراچی10اکتوبر2016ء)
دوطرح کی قبریں
ہرقبرستان میں دوطرح کی قبریں ہوتی ہیں۔ ایک وہ جن پر رونق رہتی ہے، جنہیں لوگ آباد رکھتے ہیں، صاحبِ مزار کے قصیدے گاتے ہیں، مزار پر پھول چڑھاتے ہیں اور دیے روشن کرتے ہیں، لیکن صاحبِ مزار کے کسی ایک قول پر بھی عمل نہیں کرتے۔ دوسری گمنام قبریں ہوتی ہیں ایسی قبریں، جن کے بارے میں جہانگیر کی بیوی ملکہ نورجہاں نے شعر تحریرکیاتھا اور اپنی قبر کے کتبے پر لکھوایاتھا:
برمزارِ ماغریباں، نے چراغے نے گُلے
نے پرِ پروانہ سوزد، نے صدائے بُلبلے
(روزنامہ ایکسپریس کراچی10اکتوبر2016ءاوریا مقبول جان کے کالم سے اقتباس)
آستین کاسانپ
تحقیقاتی اداروں نے ایرانی فنڈنگ سے چلنے والے ٹارگٹ کلر گروہ کے سرغنہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب کلرکوگرفتار کرلیا۔ دہشت گرد مہدی موسوی کو شادمان ٹاؤن سے
گرفتار کیاگیا۔ ملزم کاتعلق کالعدم سپاہِ محمد سے ہے اور سابق ایرانی قونصل جنرل کے مترجم کے طور پر وزیر اعلیٰ سندھ سمیت اہم شخصیات سےملاقاتوں میں بھی شریک رہا ہے۔ جبکہ قونصل خانے کو سیکورٹی کیلئے دی جانی والی پولیس موبائل میں اسلحے کی نقل وحمل بھی کرتارہا ہے۔ کلر نے پارہ چنار میں باقاعدہ دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ اس کے گروپ کو ایران کی جانب سے باقاعدہ فنڈنگ دی جاتی تھی۔
(روزنامہ امت کراچی10اکتوبر2016ء)
ہندی رائج نہ کریں
ایک زبان جو سب کی زبان ہے کہ جب ہم اکثریت سے گفتگو کرتے ہیں تو اردو زبان ہی میں بات کرتے ہیں، آپ اس کا چاہے جو نام رکھ دیں۔رہے گی رابطے کی زبان ۔یہ زبان پاکستان کے لوگوں کی شناخت ہے۔ ہمارے یہاں بھارت کی ثقافتی یلغار نے سب کچھ بگاڑ کر رکھ دیا ہے عام آدمی کے علاوہ پاکستان کے نشریاتی ادارے بھی ہندی لفظوں کو استعمال کرنے لگے ہیں مثلاً:لفظ’’مدا‘‘یعنی موضوع ’’پریوار‘‘ یعنی خاندان’’شانتی‘‘ یعنی امن وسکون وغیرہ وغیرہ۔
(روزنامہ ایکسپریس کراچی11اکتوبر2016ءایک کالم سے اقتباس)

About admin

Check Also

ختم قران ۔ المعھد السلفی

شیخ عبداللہ ناصررحمانی تاریخ 2018-06-12, بمقام مسجد نورالعلم نیا نام مسجد جنید  (المعھد السلفی للتعليم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے