Home » مجلہ دعوت اہل حدیث » 2019 » شمارہ نومبر » جھوٹے نبی کی چندواضح نشانیاں

جھوٹے نبی کی چندواضح نشانیاں

اہل اسلام کے اجتماعی عقیدہ کے مطابق سیدنا حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں آپ کے ذریعے قصرنبوت اور سلسلہ نبوت کی تکمیل ہوچکی ہے آپ کے بعد اب قیامت تک کسی نبی یا رسول کی نہ تو ضرورت ہے، نہ ہی کوئی رسول یانبی آئے گا۔باقی رہا روح اللہ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا قبل از قیامت آسمان سے نزول توآپ نبی کی حیثیت سے نازل نہیں ہوں گے بلکہ وہ شریعت محمدی اور تعلیمات محمدیہ ہی کی تبلیغ اور نشرواشاعت کریں گے۔

اہل علم نے ختم نبوت کے سلسلے میںقرآن کریم اور احادیث نبویہ سے اس قدردلائل مختلف کتابوں ،رسالوں اور مضامین میں جمع کردیئے ہیں کہ انہیں پڑھ کر اس عقیدے کی پختگی اور صحت پر مکمل اطمینان ہے۔

رسول اکرم ﷺ کے بعد جن لوگوں نے نبوت کا دعویٰ کیا، ان میں سے برصغیر پاک وہند میں مرزاغلام احمدقادیانی کا نام بہت نمایاں ہے، علمائے کرام نے مرزا کی زندگی میں ہی اس کی خوب خبر لی تقریر، تحریر،مناظرے اور مباحثےہر انداز سے اس کے کذب کو واضح کیا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے، مرزا کے دجل وکذب کے لئے علمی اورتفصیلی دلائل کی کچھ کمی نہیں تاہم بعض ایسی واضح نشانیاں اور علامات ہیںکہ ان کی روشنی میں برملا کہا جاسکتا ہے کہ مرزاغلام احمدقادیانی اپنے دعوائے نبوت میں یقینا کاذب تھا۔

مرزا قادیانی کے کذب کے دلائل

1۔دنیا میں کوئی نبی کسی کا شاگرد نہیں ہوتا جبکہ مرزا صاحب نے بہت سے لوگوں کی شاگردی اختیار کی اور ان سے علمی استفادہ کیا،مولوی فضل الرحمٰن حنفی ساکن قادیان،مولوی گل علی شاہ(شیعہ) مولوی امیر حسن سیالکوٹی اور مرزاغلام مرتضیٰ ان کے اساتذہ میں سےہیں۔

2۔احادیث مبارکہ میںہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کے ہر نبی نے دنیا میں بکریاں چرائیں اور میں بھی اجرت پر اہل مکہ کی بکریاں چراتا رہا مگرمرزا صاحب نے کبھی بکریاں نہیں چرائیں۔

3۔کوئی نبی اخلاقی گراوٹ اورمجرمانہ حرکت کا مرتکب نہیں ہوتا، جبکہ مرزا غلام احمد قادیانی کی زندگی کےاحوال جو کہ خود اس کے خاص الخاص مریدوں نےلکھےہیں اور یہ کتابیں اب بھی دستیاب ہیں، ان میں مرزا صاحب کی اخلاقی گراوٹ اور مجرمانہ حرکتوں کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔

4۔کسی نبی نےمرحلہ وارنبوت کا دعویٰ نہیں کیا،جبکہ مرزا کاذب نے کبھی سلمان فارسی ہونے کا،کبھی حسن ،حسین، علی ہونے کا،کبھی ذوالقرنین ہونے کا،کبھی حجر اسود،کبھی بیت اللہ، کبھی آدم، کبھی خدا اور کبھی خداکابیٹا ہونے کا اور بالآخر رسول اور نبی  ہونے کا دعویٰ کیا یہ بھی اس کے جھوٹے اور فاتر العقل ہونے کی واضح علامت ہے۔

5۔ہر نبی کا نام مفرد ہوتا ہے ۔مثلاً:آدم، نوح،ابراھیم،اسماعیل، موسیٰoوغیرہ ،مگر اس موصوف کا نام غلام احمد مرکب ہے۔

6۔ہر نبی وہی بات کرتا ہے جواللہ کی طرف سے وحی کی جاتی ہے، اللہ کے نبی جو پیش گوئی کریں وہ پوری ہوتی ہےمگر مرزا غلام احمد کی بدقسمتی کہ ان کی ایک بھی پیش گوئی پوری نہ ہوئی، انہوں نے جو بھی پیش گوئی کی اس کی وجہ سے رسوا اور شرمندہ ہی ہوئے۔

7۔اللہ کے نبی دنیوی مال ودولت بطور وراثت چھوڑ کر دنیا سے رخصت نہیں ہوتے ،اگر وہ کچھ مال چھوڑ جائیں تو وہ امت کے لئے صدقہ ہوتا ہے جبکہ ادھر یہ حال ہے کہ مرزا صاحب کی جائیداد ان کے اہل خانہ میں تقسیم ہوئی۔

8۔اللہ تعالیٰ کے کسی نبی نے کوئی کتاب تصنیف نہیں کی۔ جبکہ مرزا غلام احمد کی دسیوں کتابیں اور سیکڑوں اشتہارات نہ صرف ان کی زندگی میں بلکہ ان کے مرنے کے بعد اب تک شائع کیے جارہے ہیں۔

9۔اللہ کے نبی اپنے اہل زمانہ کے لئے نمونہ ہوتےہیں۔ ان کا اخلاق مثالی ہوتا ہے، وہ بدزبانی نہیں کرتے۔ جبکہ مرزا غلام احمد قادیانی نے اپنی تحریرات میں اپنےمخالفین کو انتہائی شرمناک ننگی گالیاںدی ہیں جو کسی نبی تو کجا کسی شریف آدمی کی زبان سے بھی ادا نہیں ہوسکتیں۔

10۔اللہ کے نبیوں کی ایک روایت یہ چلی رہی کہ وہ فوت ہوئے ان کی تدفین بھی اسی جگہ عمل میں لائی گئی ،ادھر دنیا جانتی ہے کہ مرزا غلام احمد قادیانی کی وفات لاہو رمیں اور تدفین قادیان میں ہوئی۔

معلوم ہوا کہ اللہ کے سچے رسولوں اور نبیوں والی ایک بھی علامت مرزاغلام احمد قادیانی میں نہیں لہذا وہ اپنے دعویٰ میں یقینا جھوٹا ہے۔

اللھم ارنا الحق حقا وارزقنا اتباعہ وارنا الباطل باطلا وارزقنا اجتنابہ .(آمین)

About ابوحمزہ سعید مجتبیٰ السعیدی

Check Also

ابوحمزہ پروفیسر سعید مجتبی السعیدی

نام ونسب اور خاندانی پس منظر: والد صاحب نے میرانام ’’سیدمجتبی‘‘ رکھا، والد گرامی کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے