Home » مجلہ دعوت اہل حدیث » 2017 » شمارہ فروری » خوش رہنے کے قاعدے

خوش رہنے کے قاعدے

[ لَا تَحْزَنْ اِنَّ اللہَ مَعَنَا]مؤلف ڈاکٹر عائض القرضی ،کے اردو ترجمہ ،دارا لبلاغ پبلشرزسے کچھ مفید باتیں ،محترم قارئین کیلئے پیش خدمت ہیں، ہم نے اس کا عنوان بھی وہی رکھا ہے جو اس کتاب میں درج ہے، یہ پوری کی پوری کتاب بہت مفید ہے،قاری اگر رنجیدہ ہے ،پریشان،بےسکون،طبیعت میں بگاڑ ،مزا ج میں تنگی تو اس کتاب کے مطالعے سے طبیعت میں سکون ،سوچوں کو صحیح رُخ مل جاتاہے، دراصل یہ کتاب ان لوگوں کے لئے انتہائی مفید ہے جو کم علم ہونے کے باعث قرآن وحدیث کاصحیح فہم نہیں رکھتے، معنی نہیں سمجھتے اور غم ،پریشانی ،مصیبتوں کے اوقات میں شرعی احکام سے دور ہوجاتےہیں، اللہ کی حکمت اور اس کی معرفت کو جان نہیں پاتے، کتاب کے اختتامی صفحات سے چند باتیں آپ کے سامنے پیش کی ہیں۔

mایمان سے رنج وغم اور فکر یں ختم ہوجاتی ہیں وہ اہل ایمان کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور عبادت گذاروں کیلئے تسلی کاباعث ہے۔
mجوگزرا سو گزرا۔ وقت پھر ہاتھ نہیں آتا لہذا جو گزرگیا اس کے بارے میں مت سوچو۔
mقضاپرراضی رہو جو روزی قسمت میں ہے اس پر شکر کرو ہر چیز تقدید پر مبنی ہے اس لئے غم اور ملال نہ کرو۔
mاللہ کےذکرسے دلوں کو اطمینان ملتا ہے، اور دل کابوجھ کم ہوتا ہے،غیبوں کو جاننے والااللہ خوش ہوتا ہے اور پریشانیوں دور ہوتی ہیں۔
mکسی کے شکریے کا انتظار نہ کرو،بس اللہ بے نیاز کاثواب کافی ہے، منکروں کے انکار اورحاسدوں کے حسد سے آپ کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔
mاپنے آپ کو ،دل کو حسدسے پاک کرلو اور اس سے بغض وعداوت نکال پھینکو۔
mکائنات ایک نظام پر مبنی ہے لہذا گھر،آفس ،لباس اور فرائض سب میں نظم وترتیب کاخیال رکھو۔
mکھلی فضا کی طرف نکلو پُرفضا باغات کامشاہدہ کرو، اللہ کی مخلوق اور خالق کی ایجاد میں غور فکرکرو۔
mپیدل چلو،ورزش کرو، سستی ،گمنامی ،نکمے پن کو چھوڑ دو۔
mیاد رکھوکہ رب کریم کادامنِ عفو ودرگزدراز ہے وہ توبہ قبول کرتا ہے، بندوں کومعاف کرتاہے اور نیکیوں کو برائیوں میں بدل دیتا ہے۔
mقرآن کے ساتھ زندگی گزارو ،اس کے حفظ، سننے ،غور وفکر کرنے اور تلاوت میں لگے رہو، حزن وملال کو دور کرنے والایہ سب سے بڑا مجرب نسخہ ہے۔
mاللہ پر توکل کرو،معاملہ اس کے سپرد کرکے اس کے فیصلے پر راضی رہو،بس اس پر اعتماد ہے وہی تم کوکافی ہے۔
mجو تم پرظلم کرے اس سے درگزر کرو جو تم سےلاتعلقی برتے اس سے تعلقات بڑھاؤ،جومحروم کرے اس کو دو،جوبرائی کرے اس سے بردباری برتو، تم کوخوشی ملے گی۔
m لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِاللہِ باربارپڑھو،ا س سے شرح صدر ہوتا ہے، مال کی اصلاح ہوتی ہے، بوجھ ہلکا اور اللہ راضی ہوتا ہے۔
mاستغفار زیادہ سے زیادہ کرو اس سےروزی میں کشادگی ،اولاد، علم نافع اور آسانی سےملتا ہے اور گناہ کم ہوتےہیں۔
mاپنی صورت،صلاحیت، آمدنی اور اہل وعیال پر قناعت کرو تم کو راحت ملے گی ،سعادت حاصل ہوگی۔
mجان لو کہ عسر کے ساتھ یسرہے اور تنگی کے بعد آسانی ہے ایک حالت ہمیشہ نہیں رہتی ،زمانہ الٹتاپلٹتا رہتا ہے۔
mاچھا گمان رکھو، مایوس نہ ہوا کرو، اپنے رب سےحسن ظن رکھو اور ہرخیر اور اچھے کام کاانتظار کرو۔
mمصیبت سے اللہ اور بندے کے درمیان قربت ہوتی ہے، تم دعا کرتے رہو، مصیبت کبروغرور اورفخر کو ختم کردیگی۔
mجان لوکہ تکلیف میں تم اکیلے نہیں ہو غم وفکر سےکوئی بھی محفوظ نہیں شدید حالات سے ہر فرد وبشر کو پیش آتے ہیں۔
mیقین کرو کہ دنیا ابتلاء وآزمائش ،رنج وغم اور کدرتوں کی جگہ ہے اس لئے اسے اسی طرح قبول کرو اور اللہ سےمدد مانگو۔
mجان لو کہ شدائد اور تکالیف سے آنکھ، کان کھلتے ہیں ،د ل زندہ ہوتا ہے ، نفس خواہش سے رکتاہے، بندہ ذکر کرتا ہے اور ثواب کماتا ہے۔
mحادثات کا انتظار نہ کرو ،مصیبت کی توقع نہ رکھو، افواہوں پر یقین نہ کرو، اور الزام تراشیوں پر کان نہ دھرو۔
mجن چیزوں کا زیادہ خوف پھرتا ہے اکثر وہ نہیں ہوتی ،جن کا چرچازیادہ ہوتا ہے وہ پیش نہیں آتی، اللہ کافی ہے، وہ نگہبان ہے اور وہی مدد دیتا ہے۔
mحاسدوں ،سخت دلوں اور چغل خوروں کے ساتھ نہ بیٹھوکیونکہ وہ روح کابخار ہیں ،کدورت پھیلاتے اور افسردہ کرتے پھرتے ہیں۔
mتکبیرتحریمہ ہمیشہ تم کو ملے، مسجد زیادہ دیررکو، اور اپنے آپ کو اس کا عادی بناؤ، نماز کیلئے جلدی جاؤ اس سے تمہیں مسرت ملے گی۔
mگناہوں سےدور رہوکیونکہ وہ افسردگی اور ملال خاطر کا سبب ہیں ان کی وجہ سے آفتیں ٹوٹتیں اور بحران آتے ہیں۔
m[لَّآ اِلٰہَ اِلَّآ اَنْتَ سُبْحٰــنَكَ۝۰ۤۖ اِنِّىْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِــمِيْنَ۝۸۷ۚۖ ](الانبیاء:۸۷)ہمیشہ پڑھا کرو کیونکہ تکلیف دور کرنے اور آزمائش ہٹانے میں اس کی بڑی تاثیر ہے۔
mتمہارے بارے میں جو بھی بری بات کہی جائے کہنے والےکو ہی تکلیف دے گی تمہیں کچھ نہیں ہوگا ،اس سے ذرا بھی اثر نہ لینا۔
mاگردشمن تمہیں برا بھلاکہتے ہیں ،حاسد سب وشتم اور گالی گلوچ کرتے ہیں تو اس سے تمہارا ہی وزن بڑھتا ہے اس کامعنی یہ ہے کہ تم اہمیت والے ہوگئے ہو تبھی تو تمہارا ذکرہورہاہے۔
mعبادت میں اپنے اوپر تشدد نہ برتو،سنت پر عمل کرو اور اطاعت وعبادت میں غلو سے اجتناب کرکے میانہ روی اختیار کرو۔
mتوحید خالص اپناؤ اس سے شرح صدر حاصل ہوگا جتنی توحید خالص ہوگی اوراخلاص عمل ہوگا اتنی ہی سعادت ملے گی۔
mقوی العمل اور ثابت النفس بنوتمہارے پاس ہمت وعزیمت ہو مشکلات،رکاوٹوں اور افواہوں سےتمہاری منزل کھوئی نہ ہو۔
mسخاوت کروکیونکہ سخی کاسینہ کشادہ اور دل کھلا ہوتاہےجبکہ بخیل تنگ دل، تاریک خیال اور افسردہ ہوتاہے۔
mلوگوں سے خندہ پیشانی سے ملوان کی محبت مل جائیگی ،نرمی سے ان سے بات کرو اور تواضع سے پیش آؤ تو وہ تمہارا احترام کریں گے۔
mبرائی کا بدلہ اچھائی سے دو، لوگوں سے نرمی برتو ،عداوتیں ختم کرو، دشمنوں سے صلح کرو اور دوستوں کی تعداد بڑھاؤ۔
mلوگ جس حالت میں ہوں اسی میں انہیں قبول کرو ان سے جوبھی بھول چوک ہو اس سے درگزر کرو کیونکہ معاف کرنا اللہ رب العزت کی صفت ہے۔
mمثالیت میں نہ پڑے رہو بلکہ حقیقت کے ساتھ جیو تم لوگوں سے وہ کیوں چاہتے ہو جو تم خود نہیںکرسکتے، اس لئے عدل سے کام لو۔
mاذکار کااہتمام کرو کیونکہ یہ تمہارے لئے حفاظت اور بچاؤ ہیں، اس میں وہ اصلاح وارشاد ہے جس سے تمہارے دن ٹھیک رہیں گے۔
mکاموں کی تقسیم کرلو ایک ہی وقت میں سب کو اکھٹانہ کرو بلکہ وقفے وقفے سے کرو اور اس کے درمیان آرام کرو تاکہ بہتر طریقے سے کام انجام پائے۔
mگھر،مال ،اولاد ،نوکری اور شکل وصورت میں جو تم سے کمتر ہو اس پر نظر رکھو تاکہ اندازہ ہو کہ تم ہزاروں سے اوپرہو۔
mیہ جان لو کہ بھائی بیٹے ،بیوی بچے اور دوست واحباب جن سے بھی واسطہ پڑتاہے وہ عیب سے خالی نہیں اس لئے سب کو جیسے ہیں ویسے قبول کرنے کی عادت بناؤ۔
mلوگوں اور جماعتوں پر جارحانہ حملے نہ کرو،زبان محفوظ رکھو، اچھی بات کرو،میٹھے الفاظ بولواور کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ۔
mبرداشت کرنےسے عیوب دفن ہوجاتے ہیں، بردباری سے خطاؤں کی پردہ پوشی ہوتی ہے ،سخاوت ایک دراز کپڑاہےجو نقائص اور عیوب کو چھپا لیتا ہے۔
mایک گھڑی تنہائی اختیار کرکے اپنے معاملات پرغور کرو اپنے نفس کا محاسبہ کرو آخرت کے بارے میں سوچو اورا پنی اصلاح کرو۔
mرزق حلال کماؤ ،حرام سے بچو، لوگوں کےسامنے دست سوال نہ کرو، تجارت ،ملازمت سےبہترہے، اپنے مال کاروبار میں لگاؤ اور معیشت میں میانہ روی برتو۔
mمتوسط درجے کالباس پہنو۔نہ عیش پسندوں کا اور نہ محتاجوں کا لباس ،اپنے آپ کو ممتاز نہ کرو بلکہ عام لوگوں کی طرح رہو۔
mغصہ نہ کرو،غصے سے مزاج خراب ہوتا ہے ،اخلاق بدلتے ہیں اور معاشرت میں برائی آتی ہے محبتیں اور رشتے کٹ جاتے ہیں۔
mلوگوں کو پہلے سلام کرو، مسکراکرملو اور ان سے توجہ سے پیش آؤ تاکہ ان سے قریب ہوجاؤ اور دلوں میں ان کی محبت ہوجائے۔
mاپنے اوپر بھروسہ رکھو، لوگوں پرانحصار نہ کرو اور یہ سوچ لو کہ لوگ تمہارے خلاف ہیں تمہارے ساتھ نہیں، تمہارے ساتھ تو بس اللہ ہے زمانہ عیش کے جوساتھی ہو، ان سےدھوکانہ کھانا۔
mآج کل کرنے اور ٹال مٹول سے پرہیز کرو کیونکہ یہ ناکامی کا سبب ہوتا ہے۔
mاپنی عمرمختلف پیشوں ،ملازمتوں اور کورسوں کو بدلتے رہنے میں ضائع نہ کروکیونکہ اس سے تم کسی چیز میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔
mگناہوں کومٹادینے والے کاموں کا اہتمام کرو،جیسے:نیک اعمال، مصیبتوں پرصبر، توبہ، مسلمانوں کی دعا،اللہ کی رحمت اور رسول اللہ ﷺ کی شفاعت۔
mصدقہ دیاکرو،چاہے تھوڑا ہی کیوں نہ ہو ،اس سے گناہ ختم ہوگا، دل کو خوشی ملے گی فکردور ہوگا اور رزق میں اضافہ ہوگا۔
mاپنانمونہ اپنے امام محمدﷺ کوبناؤ وہی سعادت تک پہنچائیں گے وہی نجات دہندہ اور فلاح وکامیابی سے ہمکنار کرنے والے ہیں۔
mغیراللہ سے تعلق اور اس کی محبت کوچھوڑ دوکیونکہ یہ دل کاعذاب اور روحانی بیماری ہے ،اللہ تعالیٰ کے ذکرواطاعت پر زیادہ دھیان دو۔
mجومصیبت لاحق ہوئی وہ چھوٹنے والی تھی جو نہیں پہنچی وہ لاحق ہونے والی نہ تھی، قلم سوکھ گیا اور اب فیـصلے پرراضی ہونے کے سوا کوئی چارا نہیں۔
mاللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو اس کی مدد نہ بھولو،مدد اسی حساب سے ہوتی ہے جس حساب سے بوجھ ہوتاہے۔
mمشکلات عبور کرنے کیلئے نماز بہترین مددگار ہے وہ نفس کو بلند آفاق میں لے جاتی ہے اور روح کو نوروکامیابی کی فضا میںپہنچادیتی ہے۔
mمیاں بیوی میں ایک ناراض ہو تو دوسرا چپ رہےدونوں ایک دوسرے کی کمی کوبرداشت کریں، کیونکہ انسان غلطی سے پاک نہیں ہوسکتا۔
mجس کے پاس بیوی، گھر،صحت اور مناسب مال ہو تواس کے پاس اچھی زندگی کا سامان ہوگیا، اسے اللہ کاشکر ادا کرنا اور قناعت اختیار کرنی چاہئے۔
mاللہ کو وہ بندے زیادہ محبوب ہیں جو زیادہ خیر کے کام کرتے ہیں لوگوں کے ساتھ زیادہ بھلائی کرتے اور زیادہ شکرگزار ہوتے ہیں۔
mاگر تم اپنی موجودہ حالت سے خوش نہیں تو اس خوشی کے انتظار میں نہ رہو جو افق سے اترے گی یاآسمان سے نازل ہوگی۔
mجوذات کل تمہارے کام آئی تھی وہ آج بھی کام آنی ہے کل بھی آئے گی اس لئے اس پہ بھروسہ کرو، جب وہ تمہارے ساتھ ہے تو پھر خوف کس کا ہے اور اگر وہ تمہارے خلاف ہوجائے تو کس سے امید کرسکتے ہو۔
mاپنے دنیوی مقاصد کی ایک حد مقرر کرو جن کی طرف تم رجوع کرو ،ورنہ دل منتشر،سینہ تنگ، حالات برے اور زندگی افسردہ ہوجائیگی۔
mدن کو ضائع کرنے والاوہ ہے جو اسے بغیر حق اداکئے بغیر کسی فرض کے نبھائے ،بغیر کسی مقام کوپائے، بغیر خوشی حاصل کیے، بغیر علم سیکھے ،بغیر کسی صلہ رحمی کے اور بغیر کسی خیر کوانجام دیئے گزار دے۔
mجوتقویٰ سے آراستہ ہوگا جس کی فکر ایمانی اور اخلاق خیرپسند ہوگا اسے اللہ کی اور لوگوں کی بھی محبت ملے گی۔
mکمی ہوجائے تو دوسروں کے بجائے اپنےآپ کو ملامت کرو، دوسروں کوچھوڑدوکیونکہ تمہارے اپنے عیوب اور کمیاں بھی اتنی ہیں کہ ان کی اصلاح میں وقت لگے گا ۔
mاللہ سے عفو ودرگزر طلب کرواگر یہ دونوں مل جائیں تو گویا ہر چیز تم کومل گئی،ہر برائی سے تم بچ گئے اور ہر مسرت سے ہمکنار ہوگئے۔
mایک روٹی ،سات کھجوریں ،پانی کا ایک پیالہ کمرے میں ایک چٹائی اور قرآن مجیدہوں تو دنیا کو سات سلام کہو۔
mخوش بختی کاراز قربانی، انکارذات، سخاوت،کسی کواذیت نہ دینا اور انانیت وخودپسندی سےد وررہنے میں ہے۔
mیہ نہ سمجھو کہ تم سب کچھ کرسکتے ہو، تم بہت اچھا ساکام کرسکتے ہو لیکن ہرصلاحیت رکھنا اور ہرکام کرنا ممکن نہیں۔
mتم سے کوئی حسد نہ کرے اس کے معنی یہ ہے تم میں خیرنہیں، تمہارا کوئی دوست نہ ہو اس کامطلب ہےکہ تمہارا اخلاق اچھا نہیں۔
mایک خوبصورت صالح بیوی، وسیع اور کشادہ گھر،بقدرگزارہ روزی اور اچھا پڑوسی ایسی نعمتیں ہیں جنہیں بہت سے لوگ نہیں جانتے۔
mدرگزر انتقام سے زیادہ لذیذ،کام کاری سے مزے دار قناعت مال سے زیادہ بڑی اورصحت سے ثروت سے کہیں بہتر ہے۔
mحسبنا اللہ ونعم الوکیل (آل عمران) کو نہ بھولو کہ اس سے لگی آگ بجھ جاتی ہے ،ڈوبتاہوابچ جاتاہے ،کھوئے ہوئے مل جاتاہے اور اللہ سے عہدمضبوط ہوجاتاہے۔
m’’غم نہ کرو اللہ ہمارے ساتھ ہے‘‘(التوبہ:۴۰)وہ ہمیں دیکھ رہا ہے، ہماری سنتا ہے ،دشمن پر ہماری مدد کرتا ہے،مشکلات آسان کرتا ہے اور غمناک چیزیں دور کرتاہے۔
m’’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو‘‘(یوسف:۸۷) کہ اس کی کشادگی قریب ہے، اس کا لطف جلد ہی آئیگا، اس کی طرف سےآسانی ملنے والی ہے، اس کاکرم وسیع اور فض عام ہے۔
m’’اللہ ہی پر توکل کرو‘‘(المائدہ۲۳) معاملات اس کے حوالے کردو،اپناحال اس سے بیان کرو، اس کی کفایت اور اس کی رعایت پرمطمئن ہوجاؤ۔
mجب دل خوبصورت ہوتو وہ نالے کودریا، رات کو دوست اورجھونپڑی کو بھی محل سمجھے۔
mتمہاری روزی تمہیں زیادہ جانتی ہے تم اسے زیادہ نہیں جانتے وہ سائے کی طرح اِدھراُدھر تمہارے ساتھ دوڑتی ہے تم ہرگز نہیں مروگے جب تک قسمت لکھی روزی نہ پالو۔
mسوچنے سے پہلے لوگوں کومعاف کردو، اپنے دل کو عفو سے سات بار دھولو، آٹھویں بار میں درگزر سے اسے صاف کردوتو ایمان کی مٹھاس مل جائیگی۔
mتین ڈاکٹروں کو لازم پکڑلو:خوشی،راحت،اور رحمیت۔ تین دشمنوں سے بچو:نحوست، وہم اور ناامیدی۔
mہمیشہ استغفار کروکیونکہ رات اور دن میں اللہ کی حمت کے جھونکے چلتے ہیں ممکن ہے ان میں سے کوئی جھونکاتمہیں بھی پہنچ جائے اور قیامت کے دن تمہاری بگڑی بن جائے۔
mاگرتمہیں کوئی گالی دیتا ہے تورنجیدہ مت ہو لوگوں نے تو رب تعالیٰ کی شان میں گستاخیاں کی ہیں۔ جس نے انہیں وجود بخشا اس کے وجود میں انہوں نے شک کیا،جب لوگ بھوکے ہوتے ہیں کھلاتا وہ، شکر کسی اور کاکرتے ہیں۔وہ انہیں خوف سے نجات دیتا ہے یہ اس سے جنگ کرتےہیں۔
mتمہارے پاس دوآنکھیں ،دوکان،دوہاتھ ،دوٹانگیں او ر ایک زبان ہے ایمان ،قرآن اور امان ہے، پھر اے انسان شکرکیوں نہیں کرتے اپنے رب کی نعمتیں تو کب تک جھٹلائیگا۔
mلوگوں سے اپنے احترام کامطالبہ نہ کرو جب تک تم ان کااحترام نہ کرو۔ اپنی ناکامی پر ان کو دوش نہ دو ،اپنے آپ کو دو ۔ان سے اکرام کرانا ہے تو خود اپنااکرام کرو۔
اے ہمارے رب!ہمیں دنیاوآخرت میں خیرعطافرما،جہنم کی آگ سے بچالے،ہم تجھ سے درگزر عافیت کے سوالی ہیں۔ اے اللہ! ہم تیرے رحم وکرم کے طلبگار ہیں، ہمیں صابر ،شاکربنا تقویٰ اور ہدایت عطا فرما،ہمارے تمام معاملات کوسنوار دے ،ہمیں بخش دے۔آمین
vvvvvvvvvvvvvvv

About ازکیٰ اخت حافظ محمد احمد میمن

Check Also

خوش گوار زندگی کے دس پھول

1آدمی کو چاہئے کہ وہ سحر خیزی کرے اور استغفار کرے اللہ رب العزت نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے