Home » مجلہ دعوت اہل حدیث » 2017 » شمارہ مارچ » (قصہ)میراضامن اللہ ہے

(قصہ)میراضامن اللہ ہے

پیارے بچو!ایک دفعہ کا واقعہ ہے کہ کسی علاقے میں ایک غریب شخص رہتاتھا وہ علاقہ ایک ساحل سمندر کے قریب واقع تھا،اس شخص نے غریب ہونے کے ناطے سوچاکیوں نہ میں کوئی کاروبار کرلوں کاروبار کے لئے پیسے چاہئیں تھے لیکن پیسے اس کے پاس نہیں تھے، اس شخص نے کسی سے پیسےمانگے اور وعدہ کیا کہ میں چنددن بعدواپس لوٹادوں گا۔اس نے کہامیں پیسے تودوں گالیکن مجھے کوئی ضامن تو دوتواس غریب شخص نے کہا:میراضامن اللہ تعالیٰ ہے،یہ سنتے ہی دوسرے شخص نے اس کی ضمانت قبول کرلی۔اور اسے رقم دے دی پھر وہ غریب شخص کاروبار کرنے اپنے علاقے چلاگیا اور اسے اس میں کافی منافع ہوا۔جب پیسہ واپس کرنے کاوقت آیا تو اس غریب شخص نے واپس آنے کاارادہ کیاتاکہ وہ اپنے مقررہ وقت پر پیسے ادا کردے وہ پیسے جس میں اس نے اللہ تعالیٰ کو ضامن بنایاتھا!
پیارے بچو!اللہ کاکرنا ایسا ہوا جب وہ سمندر پہنچاتو اسے کوئی کشتی نہیں ملی اب اس کو بارباراپناکیاہواوعدہ یادآرہاتھا پھر اسےایک تدبیر سوجھی کہ کیوں نہ ایک لکڑی لے جائے اور اس کو اندرسے خالی کرکے اس میں قرض والی رقم رکھ کر بھیج دے۔اوراس نے ایسا ہی کیاساتھ میں ایک خط جس میں سارا ماجرہ لکھا ،اس رقم کے ساتھ لکڑی میں ڈال کر بھیج دیا،اس کی طرف جس سے قرض لیا تھا اور اسے سمندر میں پھینک دیااس امید کے ساتھ کہ میں نے اللہ تعالیٰ کو اپناضامن اورگواہ بنایاتھا لہذا میرے اس معاملے کو اللہ تعالیٰ ہی درست کرےگا۔دوسری طرف قرض دینے والےشخص کو بھی وقت مقرر کاوعدہ یاد آگیالہذا وہ اپنے گھرسے نکل کرساحل سمندرپرانتظارکرنے لگالیکن وہ تھک ہار کرجب واپس جانے لگاتو دیکھا سمندر میں قریب ہی ایک لکڑی پڑی ہے اس نے اس لکڑی کو اٹھایاتاکہ اسے گھر جاکر چولھاجلائے۔گھر آکر جب اس نے لکڑی پرکلہاڑاماراتو اس میں سے پیسے اورخط نکلا۔قرض لینے والاشخص چند دن میں واپس آیا اتنی ہی رقم لے کر اور پیسے تھماکراپناعذر پیش کرنے لگاتو اس شخص نے کہا جس ذات کو تم نے ضامن بناکرلکڑی سمندر میںڈالی اس نے مجھ تک پہنچادی۔(صحیح بخاری)
پیارے بچو!اس مختصر سی کہانی میں ہمارے لئے کونسے پیارے اسباق ہیں؟آیئے ذراغورکریں:
1کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاناچاہئے بلکہ خود اپنے ہاتھوں سے محنت کرنی چاہئے جو کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتااللہ اس کی مدد کرتا ہے ۔
2ہمیشہ حلال کی کمائی کرنی چاہئے اگرچہ قرض ہی کیوں نہ لینا پڑے۔
3جس کی نیت صاف ہو اللہ تعالیٰ اس کی مدد کرتاہے۔
4اللہ تعالیٰ کی کسی بھی نعمت کوحقیر نہیں سمجھناچاہیے اس شخص نے اس لکڑی کو لیا اور اسے حقیر نہیں سمجھا تاکہ اسے جلایاجاسکے لیکن اللہ تعالیٰ نے اس کی مدد کردی ۔
5کسی کے بارے میں اچھاگمان رکھناچاہیے شاید اس کی کوئی مجبوری ہو ۔
6ہمیشہ اللہ تعالیٰ پر توکل کرناچاہیے جو اللہ تعالیٰ پر توکل کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے بہترین بدلہ دیتاہے۔
پیارے بچو!آج سے کیوں نہ ہم بھی طے کرلیں کہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے مانگناہے اور اسی پر توکل کرنا ہے۔

About حافظ عمران ہارون

Check Also

قصہ -والدین کی نافرمانی کے برے نتائج

پیارے بچو!ایک دفعہ کاواقعہ ہے کسی علاقے میں بہت ہی زیادہ عبادت گزار شخص رہتاتھا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے